بھارت: انتہا پسند ہندو تنظیموں نے 200 مسلمانوں کو زبردستی ہندو بنا دیا

Extremists

Extremists

آگرہ (جیوڈیسک) بھارتیہ جنتا پارٹی کے برسر اقتدار آتے ہی انتہا پسند اور جنونی ہندوؤں نے مسلمانوں کے خلاف کھل کر کھیلنا شروع کر دیا ہے۔

بھارتی شہر آگرہ میں انتہا پسند ہندو تنظیموں نے 200 مسلمانوں کو ڈرا دھمکا کر ہندو مذہب قبول کرنے پر مجبور کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مسلمانوں کو ہندو بنانے کیلئے آگرہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کا اہتمام انتہا پسند ہندو تنظیم راشٹریہ سیوک سنگھ کی زیلی تنظیم اور بجرنگ دل نے کیا۔ تقریب میں ستاون مسلمان خاندانوں کے 200 افراد کو ہندو بننے پر مجبور کیا گیا۔ مسلمانوں کو زبردستی ہندو مورتیوں کے پاؤں دھونے پر مجبور کیا گیا جبکہ ان کے ماتھوں پر روایتی ہندو نشان بھی لگایا گیا۔

زبردستی ہندو بنائے جانے والوں کو جلد ہی ہندو نام دے دئیے جائیں گے۔ میڈیا کے مطابق انتہا پسند ہندو تنظیموں نے مسلمانوں کو گھر ، خوراک اور تعلیم کا لالچ بھی دیا۔

اس موقع پر انتہا پسند ہندو تنظیموں نے اعلان کیا کہ کرسمس تک پانچ ہزار مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندو مذہب قبول کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔