شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دوسرے ون ڈے میں آج شارجہ کرکٹ سٹیڈیم کے میدان میں اتریں گی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیریز کے دوسرے میچ میں آج شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر چار بجے شروع ہو گا۔
دوسرے میچ کے لیے پاکستان کے پہلے مقابلے کے فاتح سکواڈ کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے ، محمد حفیظ کی خدمات بھی حاصل ہوں گی ، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کیویز جوابی حملے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
بہترین کارکردگی سے حملہ ناکام بنا کر فتح اپنے نام کریں گے۔ دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے بائولنگ کی اجازت ملنے کے بعد مہمان کپتان کین ولیم سن آل راؤنڈ پرفارمنس دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
کیوی کپتان کا کہنا ہے کہ شکست کے بعد سیریز میں واپس آنے کی روایت برقرار رکھیں گے۔ کین ولیم سن کے مطابق مارٹن گپٹل کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے پہلے ان کی فٹنس دیکھ کر کیا جائے گا۔