سرینگر (جیوڈیسک) چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس (ع)میر واعظ عمر فاروق ،حریت کانفرنس (جے کے) کے سینئر رہنماشبیر احمدشاہ،انجمن شرعی شعیاں کے سربراہ آغاسید حسن اور لبریشن فرنٹ (ر) کے سربراہ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل، کشمیریوں کے حقوق کے احترام اور مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارت اور پاکستان کے درمیان کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیری قیادت کو شامل کئے جانے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک قدیم متنازعہ مسئلہ کی صورت میں اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس مسئلہ کے حل کے حوالے سے خود اس ادارے نے کئی قراردادیں بھی پاس کی ہیں۔
میرواعظ نے کہا کہ عالمی ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے بان کی مون کا بیان جہاں ایک خوش آئند قدم ہے وہیں اقوام متحدہ کو اس مسئلہ کے منصفانہ اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ایک دیرپا حل کیلئے اپنی کوششیں بروئے کار لانی چاہئیں۔
شبیر شاہ نے کہا کہ تنازع کشمیر کے دیرینہ حل کے لئے کوشاں کشمیری عوام کا ہمیشہ یہ مطالبہ رہا ہے کہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں کشمیر کے عوام کی خواہشات کو مد نظر رکھ کر حل کرنے میں پہل کی جائے تاکہ برصغیر میں امن کے لئے کی جارہی کوششوں کو دھچکہ نہ لگے ۔حرےت قےادت نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے حالیہ بیان کو حکومت بھارت کیلئے چشم کشا قرار دیا ہے۔