اسلام آباد (جیوڈیسک) این آر او سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر سپریم کورٹ میں وزیراعظم نواز شریف سمیت کئی اعلٰی سرکاری حکام کے خلاف توہین عدات کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
فرخ نواز بھٹی نامی ایک شہری کی جانب سےسپریم کورٹ میں دائر درخواست میں وزیراعظم نواز شریف، سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، چیرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے اوریشنل بینک آف پاکستان کے سربراہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے این آر او کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور عدالتی فیصلے پرعملدرآمد فریقین کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملددرآمد نہیں کررہی، اس لئے وزیراعظم، سیکریٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر فریقین کے خلاف کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے این آر او جاری کیا تھا جس کے تحت گزشتہ ادوار میں قائم ہزاروں مقدمات کو ختم کردیا گیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے بعد میں اسے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا تھا۔