اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ واپس لے لیا ہے، اب مذاکرات کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ ماحول سازگار بنانے کیلئے کنٹینرز سے سیاسی درجہ حرارت میں کمی کی جائے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ امید کرتا ہوں کہ کسی نتیجے پر پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ماحول سازگار بنانے کیلئے کنٹینرز سے سیاسی درجہ حرارت میں کمی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ واپس لے لیا ہے، اب مذاکرات کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے، سیاسی بحران کا جلد از جلد حل نکالنا چاہتے ہیں، احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ہفتے کو ہونگے۔
مذاکراتی عمل کامیاب بنانے کیلئے ابتدائی پیرامیٹرز طے ہو گئے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور شاہ محمود قریشی بھی مذاکرات میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی تحریک انصاف کے ساتھ اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی تھی۔