متحدہ قومی موومنٹ کی نئی رابطہ کمیٹی میں 9 ارکان شامل

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی توثیق کے بعد نئی رابطہ کمیٹی میں 9 ارکان کو شامل کرلیا گیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور لندن کا رابطہ کمیٹی کے اراکین کے انتخاب کے لئے مشترکہ اجلاس ہوا جس کی صدارت رابطہ کمیٹی پاکستان کے انچارج قمر منصور اور رابطہ کمیٹی لندن کے انچارج ارشد حسین نے کی، اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کے انتخاب کے لئے مختلف ناموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد9افراد کے ناموں پر اتفاق رائے کیا گیا۔

اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کے لئے جن ناموں پر اتفاق رائے کیا گیا ان میں کیف الوریٰ، عارف خان ایڈووکیٹ، گلفراز خان خٹک، انبساط ملک، ڈاکٹر سلیم دانش، ڈاکٹر ایوب شیخ، قاسم علی رضا، مصطفی عزیز آبادی، اظہار احمد خان اور ارشد حسین شامل ہیں،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے تجویز کردہ ناموں کی توثیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل الطاف حسین نے ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کی رابطہ کمیٹیاں تحلیل کرکے قمر منصور کو رابطہ کمیٹی پاکستان جب کہ ارشد حسین کو رابطہ کمیٹی لندن کا انچارج مقرر کیا تھا۔