جیمز بونڈ کی نو گاڑیوں پر چوروں کا صفایا

James Bond Car

James Bond Car

لندن (جیوڈیسک) دنیا بھر میں برطانوی جاسوس جیمز بونڈ کی کامیابیوں کے بڑے چرچے ہیں مگر جناب ان کی تو اپنی گاڑیاں ہی چور لے اڑے اور وہ کچھ کر بھی نہ پائے۔

جی ہاں اس مشہور فلم سیریز کی نئی فلم سپیکٹر کی شوٹنگ سے قبل ہی ایک یا دو نہیں پوری نو مہنگی ترین گاڑیاں چوری ہو گئی ہیں۔

جرمنی میں شوٹنگ کے آغاز سے قبل ایک گیراج میں موجود ان گاڑیوں کو چوری کیا گیا اور ان کی لاگت چھ لاکھ تیس ہزار برطانوی پاﺅنڈز بتائی جا رہی ہے اور اس میں وہ خاص گاڑی بھی شامل ہے جسے جیمز بونڈ کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں تاخیر کا امکان ہے کیونکہ جرمن پولیس ابھی تک چوروں کا سراغ لگانے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔

ان گاڑیوں کو برفانی میدانوں میں استعمال کیا جانا تھا جبکہ اس فلم کی شوٹنگ جرمنی سمیت لندن، روم، میکسیکو سٹی اور مراکش کے صحرا میں بھی ہونی ہے۔

خیال رہے کہ اس فلم کے نام کا اعلان گزشتہ ہفتے ہوا تھا جس میں مرکزی کردار حسب سابق ڈینیئل کریگ ہی نبھائیں گے۔