لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشار کی حالیہ سیاست سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا اور بے مقصد احتجاجی سیاست پر آج پوری قوم دکھی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحاد اور ایثار وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، انتشار کی حالیہ سیاست سے پاکستان کی معیشت کونقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بےمقصد احتجاجی سیاست پر آج پوری قوم دکھی ہے اور ’’صرف میں‘‘ کے رویے نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے جب کہ پاکستان کو ترقی کی شاہراہ میں گامزن کرنے کے لئے ‘‘ہم’’ کی روش اپنانا ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان عوام کے لئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد بجلی کی نرخوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملا۔