ہمیں‌ پولیس سے نہیں پولیس کو ہم سے بچنا ہوگا : یوتھ ونگ پی ٹی آئی

Youth Wing PTI

Youth Wing PTI

لاہور (جیوڈیسک) 15 دسمبر کو ہم پولیس سے نہیں بلکہ پولیس کو ہم سے بچنا ہو گا۔ لاہور کے تمام خارجی اور داخلی راستوں پر یوتھ ونگ تحریک انصاف کے نوجوان موجود ہوں گے۔ یوتھ ونگ تحریک انصاف پنجاب نے ایک کوئیک رسپانس فورس بھی بنائی ہے جو کہ کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں فوری رسپانس کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار یوتھ ونگ تحریک انصاف پنجاب کے عہدیداران نے دنیا فورم میں کیا۔ یوتھ ونگ تحریک انصاف پنجاب کے صدر زبیر نیازی نے کہا کہ لاہور کو مختلف پوائنٹس میں تقسیم کر دیا گیا ہے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر یوتھ ونگ کے نوجوان موجود ہوں گے۔

لاہور میں ہم نے نہیں بلکہ پولیس کو ہم سے بچنا ہو گا، یوتھ ونگ فیصل آباد کی نسبت لاہور میں زیادہ منظم ہے۔ سیکرٹری انفارمیشن پنجاب عدیل شفیع نے کہا کہ 15 دسمبر کو ہمارا قافلہ کم از کم 6 سے 7 سو موٹر سائیکلوں پر مشتمل ہو گا، ہم ثابت کر دیں گے کہ یوتھ کس کے ساتھ ہے۔ سیکر ٹری جنرل یوتھ ونگ تحریک انصاف لاہور لکی خان نے کہا کہ ہم نے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بنادی ہے جو کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں فوری رسپانس دیں گے

کل ہم لاہور میں ایک بھرپور ریلی بھی نکال رہے ہیں جو لبرٹی گول چکر سے شروع ہو گی اور مال روڈ پر ختم ہو گی۔ سینئر نائب صدر یوتھ ونگ پنجاب ثاقب سندھو اور عمران حیدر نے کہا کہ عمران خان پر یہ الزام غلط ہے کہ وہ لاشیں گرا کر سیاست کر رہے ہیں، ہم نئے پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ رانا تنویر نے کہا کہ 15 دسمبر کے بعد یہ بات بھی ثابت ہو جائے گی کہ لاہور کس کا ہے، شہر میں 15 دسمبر کو مکمل ہڑتال ہو گی اور تمام بازار بند ہونگے۔