مانانوالہ: چوری ڈکیتی کی وارداتیں، شہری مال و زر سے محروم

Manawala

Manawala

مانانوالہ (جیوڈیسک) شہر میں ڈاکوؤں، چوروں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا۔ متعدد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے، موبائل فون اور دو عدد موٹر سائیکلوں سے شہریوں کو محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چورتھانہ مانانوالہ کے چند فرلانگ پر واقع کلاتھ ہاؤس کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی کپڑا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ مانانوالہ محلہ فیصل ٹاؤن کا رہائشی محمد سرور موٹرسائیکل پر اپنے گھر جارہا تھا کہ جب لاری اڈا مانانوالہ کے قریب شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پرپہنچا تو دو ڈاکوؤں نے ایک لاکھ آٹھ ہزار روپے، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہو گئے۔

اس طرح نجی ٹریول ایجنسی کے علی اکبر کو بھی مذکورہ روڈ پرپٹرول پمپ کے قریب دو ڈاکوؤں نے روک کر موٹر سائیکل، دو ہزار روپے، اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ ایک اور واقعہ میں نواحی گاؤں ہاتھی آنہ کی رہائشی خاتون سوداسلف خرید کر واپس جانے لگی تو کار میں سوار نامعلوم افراد نے گاؤں پہنچانے کا جانسہ دے کر بیٹھا لیا اور راستے میں کانوں سے طلائی بالیاں اور نقدی چھین کر راستے میں اتار کر فرار ہوگئے۔