کراچی (جیوڈیسک) حضرت امام حسین علیہ سلام کے چہلم پر آج ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے، شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں مجالس برپا کی جائیں گی۔ جمعہ کو بھی مختلف شہروں میں مجالس برپا کی گئیں اور جلوس نکالے گئے، حیدرآباد میں سعادت کالونی سے 72 تابوتوں کا جلوس نکالا گیا۔ جلوس لطیف آباد کے مختلف راستوں سے گزرتا ہوا واپس سعادت کالونی آکر اختتام پذیر ہوا۔ عزادار سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ ٹنڈو محمد خان میں مرکزی امام بارگاہ سے شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس نکالا گیا۔
شرکا نے حضرت امام حسین علیہ سلام اور ان کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ملتان میں 19 صفر کا ماتمی جلوس حیدریہ مسجد سے برآمد ہوا۔ جو اسی مقام پر پہنچ کر ختم ہوا۔ شرکا تمام راستے نوحہ خوانی اور ماتم کرتے رہے۔بہاولپور میں حضرت امام حسین علیہ سلام کے چہلم کا مرکزی جلوس شمسی امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔ گوجرانوالہ میں چہلم شہدائے کربلا کے سلسلے میں مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان معرفت سے برآمد ہوا۔
عزاداروں نے نوحوں میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پاراچنار سمیت کرم ایجنسی کے تمام علاقوں میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ مرکزی جلوس کا آغاز پاراچنار کی مرکزی امام بارگاہ سے ہوا۔ جلوس رات بھر مختلف راستوں سے ہوتا ہوا صبح واپس مرکزی امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ یخنی اور پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔