دبئی (جیوڈیسک) آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ تجربہ کار پلیئرز کا اعزاز پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے کے حصے میں آئے گا،دونوں کیریئر میں پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ میں جلوے بکھیریں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈ کپ 2015 کے عبوری اسکواڈز کی فہرست جاری کردی گئی ہے، آسٹریلیا اور آئرلینڈ نے اگرچہ اپنے پلیئرز کی فہرست کونسل کو بھجوا دی ہے لیکن اسے ابھی عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان نے ابتدائی 30 پلیئرز میں شاہد آفریدی کو شامل رکھا، 1999 میں لندن میں منعقدہ فائنل کھیلنے والی ٹیم میں موجود شاہد آفریدی نے 2011 میں قیادت کرتے ہوئے گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی دلائی تھی، وہ 2003 اور 2007 میں بھی ورلڈ کپ اسکواڈزکا حصہ رہے ہیں، اسی طرح مہیلا جے وردنے بھی چار ورلڈ کپ ایونٹس میں سری لنکا کی نمائندگی کرچکے۔
آئندہ برس ایونٹ کھیلنے کی صورت میں شاہد آفریدی اور مہیلا جے وردنے 5 ورلڈکپ میں حصہ لینے والے پلیئرز میں شامل ہوجائیں گے۔ اس فہرست میں وسیم اکرم، شیونرائن چندرپال، اروندا ڈی سلوا، انضمام الحق، سنتھ جے سوریا، جیک کیلس، عمران خان، برائن لارا، مرلی دھرن، تھامس اوڈویو، رکی پونٹنگ، ارجنا راناٹنگا اور اسٹیو ٹکولو موجود ہیں، حیران کن طورپر پہلی مرتبہ جاوید میانداد یا سچن ٹنڈولکر کے بغیر میگا ایونٹ منعقد ہونے جارہا ہے
سابق پاکستانی بیٹسمین نے 1975 سے 1996 تک ایونٹس میں شرکت کی جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 1992 سے 2011 تک ورلڈ کپ میں حصہ لیا،7 پلیئرز جیمز اینڈرسن، کرس گیل، برینڈن میک کولم، یونس خان، روبن پیٹرسن، کمار سنگاکارا اور ڈینئیل ویٹوری چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا حصہ بنیں گے، ورلڈ کپ کے عمر رسیدہ کھلاڑی خرم خان ( 43 سال ) اور نوعمر پلیئر یودھن پنجا (15 سال ) یواے ای اسکواڈ میں شامل ہیں۔