گلگت بلتستان (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی تقرری چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما غلام سرور نے کہا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ طاہر علی شاہ کا نون لیگ سے قریبی تعلق ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما غلام سرور خان چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔
غلام سرور کا کہنا ہے کہ طاہر علی شاہ کا نون لیگ سے قریبی تعلق ہے، ان کی بطور چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان تقرری کے خلاف آرٹیکل 184 کے تحت درخواست دائر کی جائے گی۔ غلام سرور نے دعوی کیا ہے کہ ان کے پاس طاہر علی شاہ کی ن لیگ کی میٹنگزمیں شرکت کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
درخواست کے ساتھ طاہر علی شاہ کی نون لیگ سے وابستگی کی دستاویزات اور تصاویر بھی منسلک کی جائیں گی۔ غلام سرور کا کہنا ہے کہ من پسند لوگوں کی تعیناتی سے الیکشن شفاف نہیں ہو سکتے۔