وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) غلہ منڈی میں دن دیہاڑے قتل، تین نا معلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مسلم لیگ (ج) کے رہنما، صدر انجمن آڑھتیاں چوہدری ریاض کو قتل کر دیا، ایک نوجوان زخمی۔ چوہدری ریاض صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی میں اپنی دکان پر بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل پرآنے والے دو نا معلوم افراد دوکان میں داخل ہوئے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا۔
ملزموں نے آتے ہی پوچھا کہ چوہدری ریاض کون ہے ؟شناخت پرآتشیں اسلحہ نکال کر چوہدری ریاض کو گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور قریب موجود نوجوان محمد بلال کو زخمی کر دیا جو مقتول کا ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔ملزمان واردات کے بعد موٹر سائیکل پر بیٹھے اور اطمینان سے فرار ہو گئے۔
چوہدری ریاض کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال لے جایا گیا جبکہ زخمی نوجوان محمد بلال کو بھی سول ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ واقعہ کے بعد عوام الناس میں سخت خوف وہراس پایا جاتا ہے۔
شہری حلقوں نے قتل کی اس لرزہ خیز واردات پر سخت غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔اے ایس پی غلام مرتضیٰ نے پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بتایا کہ قاتلوں کو جلد ازجلد ٹریس کر کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔