بھوبنیشور (جیوڈیسک) ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر 16 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا۔
بھارتی شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے انتہائی دلچسپ مقابلے میں بھارت کے گرجندر سنگھ نے 12ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی تاہم پاکستان کے محمد ارسلان قادر نے بھی 17ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا، میچ کے 32ویں منٹ میں پاکستان کے محمد وقاص نے دوسرا گول کرکے گرین شرٹس کو ایک گول کی برتری دلادی جسے بھارت نے دھرمویر سنگھ نے 38ویں منٹ میں برابر کردیا اور مقابلہ ایک بار پھر برابر ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے تیسرا گول محمد عرفان نے 44ویں منٹ میں کیا لیکن بھارتی کھلاڑیوں کی پاکستان کی یہ برتری قائم نہ رہنے دی اور اسی منٹ میں گول کرکے میچ کو ایک بار پھر دلچسپ بنا دیا تاہم پاکستانیوں کھلاڑیوں بھی اپنے حوصلے بلند رکھے اور ہار نہ مانی جس کا فائدہ اسے 69ویں منٹ میں ہوا اور ارسلان قادر نے پاکستان کی جانب سے چوتھا اور اپنا دوسرا گول کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔