طالبان کے مزید حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے، افغان صدراشرف غنی

Ashraf Ghani

Ashraf Ghani

کابل (جیوڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ طالبان کے مزید حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے جب کہ اس حوالے سے علمائے کرام اور قبائلی رہنماؤں سے اپنا کردارادا کرنے کو کہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کے مزید حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے، یہ حملے اسلامی قوانین اور انسانیت کے بالکل خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کو ان حملوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے، خاص طور پر علما،، قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی کے ارکان سے کہتا ہوں کہ وہ افغان شہریوں کو بتائیں کہ اس طرح کے حملے کسی صورت ٹھیک نہیں اورنہ ہی ان کو برداشت کیا جاسکتا ہے۔

افغان صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے ان بچوں کا کیا قصور تھا جو پکتیکا میں والی بال کا میچ کھیل رہے تھے، اب معاشرے کو واضح طور پر کہنا ہو گا کہ بہت ہو چکا، مزید ظلم کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ افغانستان گزشتہ 5 ہزار سالوں سے قائم ہے جب کہ آئندہ 5 ہزار سال بھی قائم رہے گا اور کوئی بھی اسے توڑ نہیں سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران افغانستان میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے اور ان حملوں میں سب سے زیادہ نشانہ افغان سیکیورٹی فورسز اور نیٹو افواج کو بنایا جا رہا ہے۔