لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی کال پر 18 دسمبر کو پشاور سمیت خیبر پختونخوا بند کرنے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی گئی۔
عمران خان کی کال پر دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کو بھی 18 دسمبر کو بند کرنے کے لیے تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی قیادت نے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے وزراء اور ایم پی ایز کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔ پشاور کو 18دسمبر کے روز 15 مقامات سے بند کیا جائے گا۔
تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لینے کے لیے 16دسمبر کو ملاقاتیں کی جائیں گی جبکہ عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے باقاعدہ پمفلٹ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں مقامی وزراء اور ایم پی ایز 18 دسمبر کو احتجاج کریں گے جس کے لیے باقاعدہ ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔ 18دسمبر کو خیبر پختونخوا بند کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے خیبر پختونخوا کے وزراء اور ایم پی ایز کو بھی اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔