چکوال (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج موٹر وے پر چکوال لنک روڈ کا افتتاح کریں گے۔ آج جب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، لاہور کو بند کرارہے ہیں، ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی پالیسی عمل کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف چکوال کے مقام پر موٹر وے کے لنک روڈ کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعظم کچھ وزرا کے ہمراہ چکوال پہنچیں گے جہاں وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ 6ماہ کے دوران یہ اُن کاعلاقہ کا دوسرا دورہ ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم نے پوٹھوہار ٹاؤن تلہ گنگ کی اپ گریڈ کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے، جو علیحدہ ضلع بنے گا۔
اِس ضمن میں اعلان آج متوقع ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ میٹرو بس سروس اور لاہور کراچی موٹر وے کا افتتاح آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم اس ماہ کے آخر میں آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ حکومت نے عمر ان خان کی منفی سرگرمیوں پر توجہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اورتمام تر توجہ ترقیاتی سرگرمیوں پر مرکوز رکھی جائے گی۔ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا بھی فیصلہ کیا ہے لیکن عمران خان کی دھمکیوں کی وجہ سے اس میں کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی اور مذاکرات کا سلسلہ اپنی رفتار کے ساتھ آگے بڑھے گا۔