مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار) تحریک انصاف انصافین کے زیر اہتمام تقریب میں درجنوں افراد کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان، سنیئر رہنمائوں کی بذریعہ ٹیلی فون خطاب، ہمارا مقصد ایک نئے پاکستان کو بنانا ہے: حاجی سیف اللہ قصوری، تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف انصافین کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے تحریک انصاف کے مرکزی راہنمائوں نے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری انجینئر افتخار چوہدری نے کہا کہ پاکستان سے دور دیار غیر میں بیٹھے پاکستانی اپنے ملک سے زیادہ محبت کرتے ہیں ہماری جماعت پاکستان تحریک انساف کی بنیا بھی اوورسیز پاکستانیوں نے رکھی۔ اوورسیز پاکستانیوں اور تحریک انصاف کا گہرا تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ہماری جماعت اور عمران خان کو اخلاقیات کا درس دیتے ہیں وہ اپنے ماضی کو دیکھیں ۔ انہوں نے پروگرام کے انعقاد پر انصافینیز کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ پاکستان تحریک انصاف وومین یوتھ ونگ پنجاب کی صدر لبنی ملک نے ٹیلی فونک خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کے موجودہ نظام کو تحریک انصاف ہی بدلے گی ۔ ہمیں عمران خان کا ساتھ دینا ہو گا۔ پہلی بار خواتین نے نظام بدلنے کے لئے کسی سیاسی جماعت کا ساتھ دیا۔ پاکستان تحریک انصاف یورپ کے کوارڈینیٹر اور سیکرٹری انصاف لائرز فورم محمد ندیم یوسف نے کہا کہ ہمیں عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ آج تمام فرسودہ نظام کی حامی جماعتیں عمران خان کے خلاف متحد ہو چکی ہیں۔ انہی قوتوں نے ہمارے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔ ملک کے نظام کو بدلنے کے لئیے ہم عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف انصافینیز کے سینئر نائب صدر حاجی سیف اللہ قصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو معرض وجود میں لانے کے لئے قائداعظم کی سربراہی میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں ،عورتوں ، بچوں اور بوڑھوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ چند کھوٹے سکے ماضی میںمیں ہم پر مسلط رہے اور آج تک وہی کھوٹے سکے ہمیں غلامی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کئے ہوئے ہیں۔ جاگیرداروں وڈیروں اور کرپٹ سیاستدانوں نے قائداعظم کے پاکستان پر قبضہ جما رکھا ہے۔ ہمارا مقصد ایک نئے پاکستان کو بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ہمیں عمرا ن خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوناہو گا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ وہ لوگ سیاست میں آئے جنہیں مہنگائی ، غربت اور مسائل کا کو ئی علم نہیں تھا۔ انہوں نے خان کا ساتھ دیا۔ اللہ تعالی نے خان کی شکل میں اہمیں ایک لیڈر دیا۔ ہمیں ا س کی حفاظت کرنا ہو گی۔
انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی آزاد کشمیر سعودی عرب کے صدر راجہ نصیر نے کہا کہ دو جماعتوں نے ہمیشہ پاکستانی سیاست پر قبضہ جمائے رکھا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا عمران خان نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کو شوکت خانم اور یونیورسٹی جیسا تحفہ دیا۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ تحریک انصاف کے ساتھ ملکر چلنا ہوگا۔ و دن دور نہیں جب آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کا اقتدار آئے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف انصافینز کے جنرل سیکرٹری زاہد محمود اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے موجودہ فرسودہ سیاسی نظام کو للکارہ ہے۔ ماضی میں سیاست میں وہ لوگ آئے جنھوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ عمران خان نے اس نظام کو بدلا ہے۔
ہمیں احساس دلایا کہ ذاتی مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح دی جائے۔ ہمیں کرپشن اور لوٹ مار کے نظام کو ختم کرنا ہوگا ۔ تمام مسائل کا حل عوام کے پاس ووٹ کی صورت میں موجود ہے۔ ہم ووٹ کی طاقت سے نظام بدل سکتے ہیں۔ ہمیں اس شخص کا ساتھ دینا ہو گا جو اپنا سب کچھ چھوڑ کر کنٹینیر پر آپہنچا۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ جو بھی کریں گے اپنے ملک پاکستان کے لئے کریں گے۔ انہوں نے انصافینیز پینل کا تفصیلی تعارف اور کارکردگی سے حاضرین کو آگاہ کیا اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ عمران خان کی دعوت کو پھیلانا ہوگا تحریک انصاف کو مضبوط بنانا ہوگا۔ تقریب کے دوران گو نواز گو کے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو گرمائے رکھا۔