امن، ترقی کے دشمن عوام کو خوشحال اور پاکستان کو پھلتا پھولتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے: چوہدری عابد

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ امن، اجالوں اور ترقی کے دشمن عوام کو خوشحال اور پاکستان کو پھلتا پھولتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے، سینئر صحافیوں باالخصوص خواتین پر مسلسل حملوں اور تشدد نے تحریک انصاف کی قیادت کا گھنائونا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی نے لاہور کی سڑکیں بند کر کے شہریوں اور سکول جانے والے بچوں میں خوف و ہراس پیدا کر کے اور چار بے گناہ انسانوں کو موت کی بھینٹ چڑھاکرداعش کی حیثیت سے اپنا اصل رنگ دکھایا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کو بند کرنے کے عمران خان کے منفی حربوں کے باوجود لاہور کے شہریوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ کی کال کو مسترد کر دیا۔ عمران خان کے اپنے بچے لندن میں آرام و سکون سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور وہ پاکستان کے بچوں کو تعلیمی اداروں میں جانے سے روک رہے ہیں۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر لاہور میں ایک نئے پاکستان کا ٹریلر پیش کیا ہے جو عوام میں اپنی حمایت کھو چکے ہیں، فیصل آباد کے غیور عوام کی طرح زندہ دلان لاہور نے شہر کو بند کرنے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جب عوام کو مذید ریلیف دینے کی باری آتی ہے تو عمران عوام کو دئیے گئے ریلیف سے چار گنا زائد ملکی معیشیت کونقصان پہنچادیتے ہیں جو کہ عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں ہے،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ قطرینہ حسین،ثناء مرزا،مظہر عباس،جواد ملک اور ارشد حفیظ جیسے سینئر ترین صحافیوں باالخصوص خواتین پر حملوں اور تشدد نے تحریک انصاف کی قیادت کے منفی طرز عمل اور خواتین دشمنی کا بھانڈہ بیچ چوراہے پھوڑ دیا ہے جو لوگ کسی کی ماں یا بہن کا دوپٹہ اچھالتے ہیں یا عزت نہیں کرسکتے ایسی قیادت کو چوڑیاں پہن لینی چاہئیں،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان اپنے غنڈوں کو کنٹرول میں رکھیں ان واقعات کو ہلکی پھلکی موسیقی قرار دینے والوں کے ساتھ بھی ایساکچھ ہوا تو بعد میں ذمہ دار حکومت کو نہ ٹھہرایا جائے۔

چوہدری عابد شیر علی نے مذید کہا کہ امن اور ترقی و خوشحالی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ندامت کے سوا کچھ نہیں ملے گا، لاہور کے علاقہ چنگی امرسدھو میں ایک نجی نیوز چینل پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی شہر بند کرنے کی اپنی کال کی ناکامی پر مایوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کام حقائق دکھانا ہے اور من پسند تصویر پیش کرنے کے لئے میڈیا کو مجبور کرنا فسطائیت کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر حملے آزادی اظہار رائے پر حملے ہیں۔