سندھ (جیوڈیسک) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی عالمی سازش ہورہی ہے، ہم اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔جب تک سندھ کا بچہ بچہ زندہ ہے وہ سندھ دھرتی پر آنچ بھی نہیں آنے دے گا، سندھ کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری میں منعقدہ جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین، زرداری اور امریکا سندھ کو اسرائیل بنا نا چاہتے ہیں، سندھ کو توڑنے کیلئے امریکا، الطاف حسین اور آصف زرداری نے سازش تیار کرلی ہے، ہمارا وطن خطرے میں ہے
انہوں نے کہاکہ میں آج ڈگری میں کسی الیکشن مہم کیلئے نہیں بلکہ شعور اجاگر کرنے آیا ہوں،ہم اپنے شہیدوں کے خون کے قطرے قطرے کاحساب لیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم نے آج سے 67 سال پہلے جن کو سندھ میں خوش آمدید کہا، آج انہوں نے ہی ہمیں کراچی سے نکالنا شروع کردیا ہے، آج ایک ہفتے میں دو ،دو سندھی نوجوانوں کی لاشیں مل رہی ہیں، میں عوام سے پوچھتا ہوں کہ کیا آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو سزا دلوانے کیلئے عدالتوں میں کیس کی پیروی کی، انہوں نے کہا کہ میں سندھ کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اور میری پارٹی سندھ کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کرینگے اور میں مالک نوحانی اور شہادت جروار سمیت سندھ کے ایک ایک شہید کے خون کا حساب لوں گا، جلسے سے قومی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما غلام مصطفیٰ لغاری، سندھیانی تحریک کے ایاز کھوسو اور ضلع میرپور خاص کے ضلعی صدر انور خان نوحانی نے بھی خطاب کیا۔