بچوں کو گھروں سے تعلیمی اداروں میں لانا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے، لیاقت علی

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو گھروں سے تعلیمی اداروں میں لانا انہیں فعال شہر بنانا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کمیونٹی اور انتظامیہ کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی خصوصی بچہ سکولوں سے باہر نہ رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سپیشل ایجوکیشن سنٹر سرائے عالمگیر کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شعیب نسوانہ، ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز، پرنسپل نرگس ارشد، سماجی کارکن ڈاکٹر شازیہ ، ذکا ڈار، فیضان جمیل، رشید انجم و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے سکول میں زیرتعلیم طلبہ اور اساتذہ سے ملاقات کی اور سنٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ڈی سی ا و لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں سہولیات میں اضافہ کرکے یہاں طلبہ کی تعداد میں مزید اضافہ ممکن ہے اس مقصد کے لئے ضلعی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کا ر لائے گی جبکہ سرائے عالمگیر کے مخیر حضرات بھی اس مقصد کے لئے آگے آئیں۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے لئے بہتر عمارت کا انتظام کیا جائے اور انرولمنٹ میں اضافہ کے لئے کاوشیں کی جائیں اور خصوصی بچوں کے والدین کو ان بچوں کو سکولوں میں بھیجنے پر قائل کیا جائے۔ اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت ذکا ء ڈار نے سنٹر کے لئے ایک لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

سماجی شخصیت فیضان جمیل نے دو کمروں کا فرنیچر دینے اور ٹورز کے لئے اخراجات برداشت کرنے اور چیئرمین زکواة کمیٹی عمران بٹ نے بس مرمت کرانے کے لئے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی بہتری کے لئے کاوشوں پر صاحب ثروت حضرات کی کاوشوں کو سراہا۔