سود ختم کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، حافظ عبدالرحمن مکی

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بیرونی قوتوں کو سخت پریشانی ہے کہ پاکستانی قوم کلمہ طیبہ کی طرف پلٹ رہی ہے جبکہ یکطرفہ دوستی کے علمبردار بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کے سلسلے کامیاب نہیں ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ روڈ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعۃ الدعوۃ فیصل آبادفیاض احمد ودیگر رہنما بھی موجود تھے ۔عبدالرحمن مکی نے کہاکہ سود اﷲ اور اس کے رسول ﷺ سے کھلی جنگ ہے ۔ حکومت جتنے مرضی منصوبے بنائے اور اقدامات کرے سود ختم کئے بغیر ملک کی معیشت کسی صورت مستحکم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور دیگر عالمی اداروں کی غلامی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ مغرب کی ذہنی غلامی میں مبتلا لوگ امت مسلمہ کیلئے کوئی مفید کردار ادا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ آخری نبی ہیں۔ انہوں نے حکومت کا جو معیار قائم کیا اور پھر خلفائے راشدین نے اس معیار کو برقرار رکھا قیامت تک کیلئے سیاست و حکومت کا یہ طریقہ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

ہم نے اﷲ کے دین کو گھروں، خاندانوں، ملکوں ومعاشروں میں قائم کرنا ہے اور اسی دعوت و تربیت پر لوگوں کو متحدو بیدار کرنا ہے جس پر نبی اکرمﷺ امت کو چھوڑ کر گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی سیاست، معیشت و معاشرت اسلامی اصولوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ ان کے عقیدے ، اعمال اور اخلاق سیرت رسول ﷺ کے مطابق ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان اس زمین پر اﷲ کے نمائندہ ہیں۔ ان کا ہر عمل اسلامی شریعت کے مطابق ہونا چاہیے۔