بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورر ) معروف سیاسی و سماجی شخصیت راجہ شاہد انور خان کا میونسپل کمیٹی بھمبر کا ایڈمنسٹریٹر تعینات ہونا خوش آئند ہے موصوف کی تعیناتی سے بھمبر شہر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ عوامی مسائل حل ہونگے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے راہنمائوں راجہ آفتاب احمد خان ، راجہ فضل الرحمن پوٹھی، چوہدری محمد عارف کاکا نے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین بلدیہ بھمبر راجہ انور خان مرحوم کے خاندان کی بھمبر کے اندر گراں قدر سیاسی و سماجی خدمات ہیں بھمبر کے اندر تعمیر و ترقی کا آغاز چیئرمین راجہ محمد انور خان مرحوم کے دور میں ہوا تھا انکے فرزند راجہ شاہد انور خان کا ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھمبر تعینات ہونا خوش آئند ہے انکی تعیناتی سے شہریوں کے مسائل حل ہونگے اور میونسپل کمیٹی کی کارکردگی بہتر ہو گی موصوف اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لا کر حکومت اور پیپلز پارٹی کی نیک نامی میں اضافے کا باعث بنیں گے انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے قائدین اور پارٹی کی ریاستی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے راجہ شاہد انور کو ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھمبر تعینات کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) میونسپل کمیٹی بھمبر کے نئے تعینات ہونے والے ایڈمنسٹریٹر راجہ شاہد انور آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے دفتر آمد پر پیپلز پارٹی کے کارکنان انکا والہانہ استقبال کرینگے تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین بلدیہ بھمبرراجہ محمد انور خان مرحوم کے فرزند اور پیپلز پارٹی کے راہنما راجہ شاہد انور آج ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھمبر کے عہدے کا چار سنبھالیں گے موصوف کو بنڈالہ ہائوس سے ایک بڑے جلوس کے ہمراہ میونسپل کمیٹی کے دفتر لایا جائیگا دفتر آمد پر پیپلز پارٹی کے کارکنان انکا والہانہ استقبال کرینگے دریں اثناء انکے حامیوں نے انکی ایڈمنسٹریٹر تعیناتی پر شہر بھر میں بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کر دئیے جن پر موصوف کو ایڈمنسٹریٹر بننے پر مبارکباد جبکہ پیپلز پارٹی کے قائدین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) یونین کونسل ملوٹ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت و نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ برنالہ عبدالمالک اعوان نے کہا ہے کہ غریب اور متوسط طبقات کو انکے بنیادی حقوق دئیے بغیر ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آ سکتی متوسط اور غریب طبقہ اپنے ووٹ کی طاقت سے فرسودہ اور گلے سڑے استحصالی نظام کو شکست دے کر حقیقی تبدیلی کیلئے کردار اد کر سکتا ہے آمدہ الیکشن میں برنالہ کا میدان کھلا نہیں چھوڑینگے برنالہ کے عوام حقیقی تبدیلی کی تیاری کر لیں ان خیالات کا اظہار عبدالمالک اعوان نے کلیاں، کیری اعواناں، باغ، جالپی، سرالیاں، ڈھمک حاجی پورہ، نالی اور برنالہ میں عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ برنالہ کے عوام اٹھ کھڑے ہوں اور کئی سالوں سے مسلط روایتی سیاستدانوں سے جان چھڑائیں ہم انشاء اللہ میدان عمل میں اتر چکے ہیں برنالہ کے عوام چاہے وہ کسی بھی برادری یا قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں ہمارے لیے سب محترم اور برابر ہیں ہم سب کے حقوق کی جنگ لڑینگے میں نے برنالہ کے عوام کے کہنے پر جو سیاسی سفر شروع کیا ہے وہ حلقہ برنالہ کے عوام کیلئے امید کی کرن بن چکا ہے اور ہم برنالہ کے غیور عوام کی طاقت سے کرپٹ کلچر کا مقابلہ کر کے علاقہ میں رواداری، امن بھائی چارے اور مساوات کی سیاست کو فروغ دینگے عوام اب روایتی استحصالی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں برنالہ کے اندر گزشتہ کئی سالوں سے صرف چند مخصوص خاندان حکمرانی کر رہے ہیں جنہوں نے آج تک اپنے اثاثے بنانے کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں دیا عوام کو بھی اب چاہیے کہ وہ ان کا احتساب کریں اور ان سے پوچھیں کہ انہوں نے حکومتوں میں کئی کئی بار یاں لگانے کے باوجود عوام اور علاقہ کیلئے کیا کیا ہے انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام بالخصوص نوجوان طبقہ سامنے آئے اور برنالہ کی تقدیر بدلنے کیلئے نئی قیادت کو سامنے لائیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ممبران اصلاحی کمیٹی سیرلہ راجہ نعیم، راجہ جاوید سونی، ملک شوکت حسین، راجہ ساجد اقبال، مرزا غلام فاروق، مرزا ماسٹر مظہر اقبال، سہیل اسحاق، راجہ تصدق نے اپنے مشترکہ بیان میں راجہ شاہد انور کو ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی بھمبر تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے اور اس امر کا اظہار کیا ہے کہ راجہ شاہد انور اپنے والد گرامی کے نقش قدم پر چلنے ہوئے بھمبرکی تعمیر و ترقی او ر شہریوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں اپنی بھر پور صلاحیتیں بروئے کار لائینگے اور میونسپل کمیٹی کو فعال ادارہ بنانے میں بھر پور کردار ادا کرینگے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) باب کشمیر پل کے نزدیک سیوریج پائپ لائن ٹوٹ گئی سوریج کا گندا پانی ابل کر باہر آنے لگا گندے پانی کی بد بو سے شدید تعفن پھیل گیا بدبو سے قریبی رہائیشوں کو شدید پریشانی کا سامنا سیوریج کا گندا پانی نالہ بھمبر میں داخل ہو کر بیماریاں پھیلانے لگا تفصیلات کے مطابق بھمبر باب کشمیر پل کے نزدیک سیوریج پائپ لائن ٹوٹ گئی ہے جس سے سیوریج پائپ لائن میں آنے والا بھمبر شہر کا گندا پانی پائپ لائن سے ابلنے لگا ہے جس کے باعث گندے پانی کی بدبو نے شدید تعفن پھیلا دیا ہے شدید تعفن کے باعث بھمبر میرپور بائی پاس روڈ پر سے گزرنے والوں سمیت ارد گرد کے رہائیشوں کا سانس لینا دوبھر ہو گیا ہے جبکہ سیوریک کا گندا پانی نالہ بھمبر میں داخل ہو کر بیماریاں پھیلا رہا ہے نالہ بھمبر ک قریبی علاقوں مکہال، ماچھیا، سیرلہ، پنڈوڑیاں، لکھپور، پنڈی جہونجہ کے سینکڑوں مویشی نالہ بھمبر سے سیوریج کے گندے پانی سے ملا پانی پی کر مختلف بیماریوں کے شکار ہو رہے ہیں جبکہ نالہ بھمبر میں کپڑے دھونے اور نہانے والے لوگ بھی مختلف جلدی بیماریوں کے شکار ہو رہے ہیں بھمبر کے عوامی اور شہری حلقوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ باب کشمیر پل کے نزدیک ٹوٹ پھوٹ کی شکار سیوریج پائپ لائن کی فوری مرمت کر کے گندا پانی قریب ہی بنائے گے حوضوں میں شفٹ کر کے عوام علاقہ کو تعفن اور پھیلنے والی بیماریوں سے چھٹکارا دلایا جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) بھمبر گرلز کالج، ریڈ فائونڈیشن کالج کے سامنے سڑک لاری اڈہ میں تبدیل شہریوں او کچہری جانے والے سائیلن کو گزرنے میں شدید مشکلات ٹریفک پولیس اہلکار خاموش تماشائی بن گے سڑک پر اکثر ٹریفک جام رہنے لگا شہریوں کا اصلاح و احوال کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق بھمبر ضلع کچہری کے نزدیک گرلز ڈگری کالج اور قریبی واقع ریڈ فائونڈیشن کالج کے باہر سڑک پر سکول و کالجز سے طلبا و طالبات کو لانے اور لے جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کھڑی ہو جاتی ہے جس کے باعث نہ صرف قریبی رہائیشوں بلکہ کچہری جانے والے سائیلن کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں پر آنے والے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں بھمبر کے عوامی اور شہری حلقوں نے انتظامیہ سے سکول و کالجز کی ٹرانسپورٹ کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تا کہ شہریوں کو در پیش تکالیف دور ہو سکیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) نمبردار چوہدری فضل احمد آف خربوزہ برنالہ نے اپنے قبیلے سمیت مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل اور آئندہ الیکشن میں مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر اور سابق وزیر حکومت مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ میں پرانا مسلم کانفرنسی ہوں گزشتہ الیکشن میں بعض مقامی حالات کی بناء پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دئیے اب مرزا محمد شفیق جرال کی رواداری اور تعمیر و ترقی کی سیاست اور سردار عتیق احمد خان کی ریاستی تشخص کے حوالے سے دوبارہ مسلم کانفرنس میں شامل ہوا مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر و سابق وزیر حکومت مرزا محمد شفیق جرال نے نمبردار چوہدری فضل احمد کی شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے مشکل حالات میں دوبارہ مسلم کانفرنس میں شامل ہو کر اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کی سیاست میں مسلم کانفرنس کے کردار سے اور میری رواداری کی سیاست سے متاثر ہو کر دوبارہ مسلم کانفرنس میں شامل ہوئے ہیں ان کی شمولیت سے برنالہ اور خربوزہ میں مسلم کانفرنس مضبوط ہو گی اور آئندہ الیکشن میں برنالہ سے مسلم کانفرنس الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی تعمیر و ترقی کے کام جو مسلم کانفرنس کے دور میں شروع ہوئے تھے حکومت کی عدم دلچسپی اور سست روی کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں حلقہ برنالہ کے لوگوں کا مسلم کانفرنس میں جوق در جوق شامل ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وہ مسلم کانفرنس کی سیاست سے محبت کرے ہیں مسلم کانفرنس مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی سر پرستی اور صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں جماعت کو بھر پور طریقے سے مضبوط کرینگے تحریک آزادی کشمیر اور قومی تشخص کو بر قرار رکھتے ہوئے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی مسلم کانفرنسی ساتھیوں کی عزت و وقار میں اضافہ کرینگے اور ان کے حقوق کا بھر پور تحفظ کرینگے اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس برنالہ راجہ محمد رشید ایڈووکیٹ، مرزا صادق جرال ایڈووکیٹ ، ملک شاہ جہان، ملک عباس، ملک محمد ریاض، چوہدری مہندی خان نے بھی خطاب کیا انہوں نے نمبردار فضل احمد کا کنبہ قبیلہ سمیت مسلم کانفرنس میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا اور ان کو اپنے تعاون کا بھر پور یقین دلایا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی برٹن برطانیہ کے صدر چوہدری محمد یونس آف بروٹی نے کہا کہ حکومت قومی تعلیمی پالیسی میں سائنس اور کمپیوٹر کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے پبلک سیکٹر کی نسبت سرکاری اداروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ محنتی اور تجربہ کار اساتذہ تعینات ہیں گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول سوکاسن کی بچیوں کی پرفارمنس دیکھ کر اساتذہ کی محنت واضح نظر آ رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول سوکاسن میں منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سکول جانے والے بچوں پر والدین بھر پور توجہ دیتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جبکہ سرکاری اداروں میں پڑنے والے بچوں پر نہ تو والدین بھر پور توجہ دیتے ہیں اور نہ ہی ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں آج دنیا میں تمام ترقی تعلیم کی بدولت ہے جن ممالک نے تعلیم کے میدان میں محنت کی آج دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہیں ہمیں اپنی نسلوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا جائے سرکاری تعلیمی اداروں کو مضبوط کیا جائے تا کہ عام اور غریب آدمی کا بچہ بھی اچھی ، معیاری اور اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول سوکاسن آزاد کشمیر کا ایک اچھا تعلیمی ادارہ ہے جس کا تعلیمی ریکارڈ نمایاں ہے جہاں پر حکومت فی الفور سائنس کلاسز کا اجراء کرے تقریب سے ادار ہ ہذا کی پرنسپل محترمہ نسرین سلطانہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔