پشاور میں اسکول پر دہشتگردانہ حملہ انتظامی و سیاسی کمزوری کا ثبوت ہے : اے پی ایم ایل

APML

APML

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے پشاور میں اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی لہو بہانے ‘نوجوانوں و بزرگوں سمیت عورتوں و بچوں تک پر مظالم ڈھانے اور انہیں خاک و خون میں تڑپانے والے یزید و فرعون کے وارث تو ہوسکتے ہیں مسلمان یا انسان ہرگز نہیں ہوسکتے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کے مذمتی مراسلے کے مطابق پرویز مشرف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دہشت گردوں کیخلاف صف آرا ہیں اور ہمارے فوجی جوان قوم کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشت گردوں کا قلع قمع کر رہے ہیں لیکن سیاسی و مذہبی سرپرستی کے باعث دہشت گردی کے خاتمے کا عمل ابھی تک مکمل نہیں ہوپایا ہے مگر قوم اطمینان رکھے افواج پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم اور وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں مگر ورسک روڈ پشاور جیسے سانحات کی وجہ سیاسی و انتظامی کمزوری ہے۔

جبکہ موجودہ حکمرانوں کی انہی کمزوریوں کے باعث نہ صرف عوام غیر محفوظ ہیں بلکہ ملک بد ترین مسائل اور بحرانوں سے بھی دوچار ہے اسلئے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فوج کے کردار کے ساتھ قومی حکومت کی فی الفور تشکیل ازحد ضروری ہے۔