سانحہ پشاور کیخلاف طلبا تنظیموں کا مظاہروں، واک، سوگ کا اعلان

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری نے پشاور میں معصوم طلبہ کی شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور واقعہ علم دشمن عناصر کی کارروائی ہے، ظالمان کوجڑسے اکھاڑ پھینکے بغیر ملک میں امن ممکن نہیں، قاتلوں کا اسلام و انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، دہشتگرد عناصر کے خلاف ملک بھر میں بھر پور آپریشن کیا جائے۔

داعش کے حامیوں کیخلاف بروقت کارروائی نہ کی گئی تو ملک کو بڑی تباہی سے روکنا مشکل ہو جائے گا۔ آئی ایس اوکے زیر اہتمام کراچی، پشاور، ملتان، راولپنڈی، لاہور اور ملک کے دیگر اہم مقامات پر اس پرسوز واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ایم ایس ایف لاہور کے صدر لئیق احمد بوبی گجر نے حملہ کی شدید مذمت کی اور ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے اس سانحہ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

بو بی گجر کا کہناہے کہ آج سکولوں میں شہید ہونے والے بچوں کے اعزاز میں شمعیں روشن کی جائیں گی اورکالجوں میں امن واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ انجمن طلبا اسلام ضلع لاہو ر کے جنرل سیکرٹری عامر اسماعیل نے کہا کہ معصو م بچوں کو نشا نہ بنا نے والے اسلام اور تعلیم کے دشمن ہیں۔