سانحہ پشاور پر ملک بھر کی فضا سوگوار، ہر آنکھ اشکبار

Crying Man

Crying Man

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد کی شہادت پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے۔

پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد کی شہادت پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے۔ ملک بھر میں 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے، نماز فجر کے دوران شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اس کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی جانب سے بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

اہم سرکاری، نیم سرکاری اور خودمختار قومی و صوبائی اداروں کی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ پشاور سمیت ملک کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں میں تاجر برادری نے قوم کے جگر گوشوں کے بچھڑ جانے پر کاروباری سرگرمیاں بند کررکھی ہیں جبکہ پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلا برادری بھی احتجاج کررہی ہے جس کی وجہ سے ماتحت اور اعلیٰ عدلیہ میں تمام امور معطل ہیں۔

دہشتگردوں کی بربریت پر خیبر پختونخوا کا ہر گھر نوحہ کناں ہے، صوبے بھر کے تمام سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند ہیں، پشاور میں تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طورپربند ہیں۔ شہر کی چاروں سرکاری یونیورسٹیاں 3 دن کے لئے بند کردی گئی ہیں اس کے علاوہ قبائلی علاقوں میں بھی تمام تعلیمی ادارے 3 دن تک بند رہیں گے۔

سندھ میں مشنری اسکولز کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے کھلے ہیں لیکن وہاں شہدا کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے تاہم جامعہ کراچی میں آج ہونےوالے تمام پرچےملتوی کردیئے گئے ہیں۔