ڈاکٹرز عوام میں بیماریوں سے بچاؤ کا شعور اجاگر کریں:مجتبیٰ شجاع

Mujtaba Shuja

Mujtaba Shuja

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون، خزانہ، ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 121.80 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، بچے قوم کا مستقبل ہیں اور حکومت بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے ڈاکٹرز کمیونٹی اور سوشل ورکرز سے کہا کہ وہ عوام میں بیماریوں سے بچاؤ اور علاج معالجہ کی سہولتوں بارے شعور اجاگر کریں۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ذرا سی غفلت اور حفاظتی ٹیکے بروقت نہ لگانے سے تقریباً ساڑھے سات لاکھ پاکستانی بچے ہر سال مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر یا تو زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا عمر بھر کی معذوری کا روگ لگ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 600 ملین لوگ تمباکو نوشی کی پیچیدگیوں کے باعث ٹی بی و پھیپھٹروں کی خطرناک بیماریوں سے متاثر ہیں۔