متحدہ کا تنظیمی سرگرمیاں 3 روز تک معطل کرنے کا اعلان

Muttahida Qaumi Movement

Muttahida Qaumi Movement

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام سانحہ قصبہ علی گڑھ، سقوط ڈھاکا اور سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا اجتماع ہوا۔ اجتماع میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان کے انچارج قمر منصور، اراکین رابطہ کمیٹی ڈاکٹر نصرت شوکت، غازی صلا ح الدین،عارف خان ایڈووکیٹ ،کہف الوریٰ، حق پرست شہدا، اسیرو لاپتا کارکنوں کے سوگوار لواحقین، اراکین سینیٹ، اراکین اسمبلی، تنظیمی ذمہ داروں، علماء کرام اور کارکنوں نے شرکت کی۔

عالم دین و سینیٹر تنویر الحق تھانوی نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے درجنوں معصوم بچوں، اساتذہ، سیکیورٹی فورسز کے جوانوں ، سانحہ قصبہ علی گڑھ ،سانحہ مشرقی پاکستان اور حق پرستی کی راہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔ اجتماع کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قمر منصور کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور ملکی تاریخ کا المناک سانحہ ہے، الطاف حسین نے اس سانحہ پر قومی سوگ کا اعلان کیا ہے

ایم کیو ایم کے کراچی سے آزاد کشمیر تک تنظیمی دفاتر میں تین روز تک تنظیمی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی اور ملک بھر میں ایم کیو ایم کے زونل، ضلعی اور علاقائی دفاتر پر فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کے اجتماعات منعقد کرکے سیاہ پر چم لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سیاسی اور مذہبی جماعتیں جو سفاک دہشت گردی کی مذمت نہیں کرتیں اور دہشت گردوں کو اپنا بھائی اور بیٹا کہتی ہیں انہیں اپنی روش ترک کرنی ہوگی۔ دریں اثنا سانحہ پشاور کے شہدا کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر شمعیں بھی روشن کی گئیں۔