پشاور (جیوڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے اسکول پر حملہ انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے جب کہ آج پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے حادثے کی جگہ کا دورہ کرایا اور وہ تمام مقامات دکھائے جس جگہ دہشتگردوں نے گزشتہ روز معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی۔ ترجمان پاک فوج نے سات دہشتگرد سیڑھی کے ذریعے اسکول میں داخل ہوئے اور داخل ہوتے ہی آڈیٹوریم میں انہوں نے بلاتفریق بچوں پر فائرنگ کی جب کہ دہشتگردوں نے ہال کو مقتل بنا دیا۔
عاصم باجوہ نے بتایا کہ جس مقام پر اس وقت ہم کھڑے ہیں یہاں بچے کھڑے ہوتے تھے لیکن گزشتہ روز دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو اسی مقام پر نشانہ بنایا، دہشتگردوں نے غیر انسانی کام کیا اور اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔
عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری قوم کی حیثیت سے اکٹھا ہونا ہے اور دہشتگردوں کے خلاف لڑائی میں ہرپاکستانی کو کردار ادا کرنا ہوگا جب کہ اس سانحے کے بعد پوری قوم ایک ہوچکی ہے۔