سزائے موت پانیوالے دہشتگردوں کی فہرستیں تیار، جیلوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی

Death Penalty

Death Penalty

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے سزائے موت پانیوالے دہشت گردوں کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے صوبائی حکومتوں سے سزائے موت پانیوالے دہشت گردوں کی تازہ فہرستیں طلب کی گئی ہیں۔ ملک کی 88 جیلوں میں 8 ہزار 256 سزائے موت کے قیدی موجود ہیں۔

پنجاب میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 250 دہشت گرد جیلوں میں بند ہیں۔ پنجاب میں قید ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں میں 105 خود کش بمبار شامل ہیں۔ کالعدم ٹی ٹی پی کی اپنے ساتھی چھڑانے کیلئے 3 سال میں 267 دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور، اڈیالہ جیل راولپنڈی میں طالبان قیدیوں کی سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ڈی جی خاں، ملتان سنٹرل جیل اور فیصل آباد سنٹرل جیل میں بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

سزائے موت کے منتظر 450 قیدیوں کی اپیلیں تمام جگہوں سے مسترد ہوئی ہیں۔ رواں سال سنگین جرائم کے 364 ملزمان کو سزائے موت کی سزا سنائی گئی۔