اسلام آباد (جیوڈیسک) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ملک بھر میں 80 سے زائد مقامات پر شہداء پشاور کے لیے قرآن خوانی، سکردو میں مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر شٹرڈاؤن ہڑتال، تاجروں کی مکمل حمایت چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان میں صوبائی سیکرٹریٹ پر شہداء کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد، لاہور میں پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے شہدائے پشاور و ضرب عضب کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔
مرکزی تعزیتی اجلاس سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا اجلاس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھاکہ دہشتگردوں کے سیاسی ونظریاتی سرپرستوں پر ہاتھ ڈالے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتے دہشت گردوں کی نرسریاں ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہیں ،ان کے خلاف مصلحتوں سے کام لیا جارہا ہے پنجاب میں تکفیری دہشت گردوں کو مکمل آزادی ہے انہوں نے کہا کہ سزائے موت پر عملدر آمد کا بحال ہونا خوش آئند ہے دہشت گردی کیخلاف اُٹھانے والے ہر جرء اتمندانہ اقدام کی ہم بھر پور حمایت کرینگے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری قوم کو نکلنا ہوگا۔
دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو ملک بھر تک پھیلایا جائے ،پوری قوم فوج کیساتھ کھڑی ہے اور انشااللہ ہم ان درندہ صفت دہشتگردوں کامملکت خداداد پاکستان میں جینا حرام کر دیں گے تعزیتی اجلاس سے علامہ امین شہیدی نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ ہم عرصہ دراز سے ان خارجیوں کیخلاف بار بار ریاستی اداروں اور حکمرانوں کو متنبہ کر رہے تھے کہ یہ پاکستان کے اصل دشمن ہے ان کے خلاف بھر پور ریاستی طاقت کو استعمال کیا جائے لیکن شومی قسمت ہم نے پاکستان سے زیادہ طالبان کے سیاسی نظریاتی حلیفوں کو ترجیح دی اور ان سفاک درندوں کو مزید منظم ہونے کا موقعہ دیا۔
علامہ امین شہیدی نے کہا کہ علمائے کرام اور مفتیان کو چاہیئے وہ ان خوارج کیخلاف اعلان جہاد کریں جس طرح عراق اور شام میں تمام مکاتب فکر نے کیا تھا آج تمام تر مصلحتوں سے بالا تر ہوکر پاکستان کا سوچنا ہوگا اجلاس میں شہداء کی بلندی درجات اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی۔