شہید ہونیوالے صرف چند خاندانوں کے نہیں اٹھارہ کروڑ عوام کے بچے ہیں

Irfan Tahir

Irfan Tahir

لاہور: تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ضلع لاہور کے امیر محمد صدیق مصحفی جلالی نے کہا ہے کہ شہیدہونیوالے صرف چند خاندانوں کے نہیں اٹھارہ کروڑ عوام کے بچے ہیں۔ معصوم بچوں کو بربریت کانشانہ بنانے والے مسلمان تو کجا انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں۔

انتہاپسند تعلیم کے دشمن ہیں،علم دشمنوں کو عبرت کا نشان بناناہوگا۔سانحہ پشاورکے بعددہشت گردوں کے حمایتوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔جب تک دہشت گردوں کے سیاسی سرپرستوں کوقانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا دہشت گردی کا سلسلہ جاری رہیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ طالبان کے سیاسی سرپرستوں سمیت ملک بھر میں پھیلایا جائے۔انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاورنے مرکزی اور صوبائی حکومت ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کی ناکامی کو ایک مرتبہ پھر ثابت کردیاہے ۔لیکن یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کانہیں۔ ایک دوسر ے پر الزام تراشی کی بجائے متحد ہو کر دشمن کامقابلہ کرناچاہیے۔

اس موقع پر مولانا عبدالکریم جلالی، مولانا مرتضیٰ علی ہاشمی، مولانا محمد فیاض جلالی ، سید ابوبکر عمارشاہ، محمد قمر عباس قادری، محمد اعجاز نعمانی، مولانا غلام نبی، محمد رمضان قادری، محمد کفیل انجم جلالی، محمد ارشد صدیقی جلالی، محمد صادق جلالی، محمد امجد صدیقی، محمد رضوان اشرفی جلالی، محمد زید مصطفےٰ و دیگر بھی موجود تھے ۔مظاہرین نے کتبے اور بینر اُٹھا رکھے تھے جس پہ نعرے درج تھے۔ طالبان مردہ باد، طالبان کا جو یار ہے غدار غدار ہے۔