پشاور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے امن کے قیام کے لئے کئی مواقع ضائع کئے جب کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنانی ہو گی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور تاریخ کا سیاہ ترین واقعہ ہے، واقعے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے سارے ہمارے اپنے بچے تھے لیکن سفاک قاتلوں نے انہیں ہم سے چھین لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم شرمندہ ہیں کہ اپنی آنے والی نسلوں کو امن کی نوید نہیں دے سکے بلکہ ہم نے اپنے بچوں کو ایک خون آلود مستقبل دیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک عشرے کے دوران ہم نے جو پالیسیاں بنائی اس سے قوم کو مایوسی ہوئی ہے اور حکمرانوں نے امن کے قیام کے کئی مواقع ضائع کئے۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم اس وقت جس دور سے گزر رہے ہیں اس میں ہم کسی اختلاف کے متحمل نہیں ہو سکتے، قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے سب کو اپنا فرض ادا کرنا ہو گا۔