راولپنڈی (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچ گئے، قومی سلامتی اور ملک کی مجموعی سیکورٹی کی صورتحال پر عسکری قیادت سے مشاورت، وزیر اعظم کو سانحہ پشاور کے بعد کی صورتحال خصوصاٍ آپریشن خیبر ون میں لائی گئی تیزی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نواز شریف کے جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچنے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ تھے۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں وزیراعظم نواز شریف اور عسکری قیادت کے مابین ملاقات میں عسکری حکام کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشنز ضرب عضب اور خیبر ون میں پیشرفت اور کامیابیوں سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ قومی سلامتی اور مجموعی سیکورٹی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی جا رہی ہے۔ دہشتگردوں کیخلاف ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشن سے متعلق بھی آگاہ کیا جائیگا۔