لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علامہ اقبال ائیر پورٹ پر لندن سے واپسی کے موقع پر سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ افغانستان کو واضح پیغام دے دینا چاہئے کہ ہمارے مطلوب افراد ہمارے حوالے کیے جائیں، دہشت گردوں کے سرپرستوں کے خلاف حقیقی کاروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ آرمی چیف نے جو افغانستان کا ہنگامی دورہ کیا ہے اس نے ایک فوجی کی زبان میں افغان حکام کو یہ بات سمجھا دی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ظالمان اور داعش کو روکنے کیلئے موثر حکمت عملی بنانا ہوگی۔
مذاکرات میں وقت ضائع نہ کیا جاتا تو اب تک بہتر نتائج حاصل کر چکے ہوتے ۔ مجھے کوئی شک نہیں کہ پشاور حملے میں طالبان اور داعش اکٹھے ہوئے ہیں، رحمان ملک نے کہا کہ سیاسی محاذ پر ہمیں اپنے اختلافات ختم کر کے متحد ہونا ہوگا اور میں پہلے ہی کہتا تھا کہ دھرنے ختم کر کے دہشت گردوں کے خلاف متحد ہو جائیں حکومت جو بھی پالیسی بنائے گی پیپلز پارٹی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔