پنجاب میں 4 انسداد دہشت گردی پولیس اسٹیشن بنانے کا فیصلہ

Police

Police

لاہور (جیوڈیسک) ملک کی مجموعی صورت حال کے پیش نظر پنجاب میں 4 انسداد دہشت گردی پولیس اسٹیشن قائم کئے جا رہے ہیں۔ ان پولیس اسٹیشنز میں صرف دہشت گردی کے حوالے سے مقدمات درج کئے جائیں گے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی پولیس اسٹیشن لاہور ملتان فیصل آباد اور راولپنڈی میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ ان چاروں پولیس اسٹیشنز میں تعینات افسران اور اہلکار صرف دہشت گردی سے متعلق مقدمات کو دیکھیں گے۔

آئندہ ماہ سے لاہور اور ملتان میں یہ پولیس اسٹیشن کام کرنا شروع کر دیں گے۔ انسداد دہشت گردی کے لئے بنائے جا رہے چار تھانوں میں 1200 اہلکار اور افسران تعینات ہوں گے۔ جنہیں ترکی سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی تربیت دلوائی جائے گی۔ ان اہلکاروں کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایس ایس جی طرز کی ٹریننگ کرائی جا رہی ہے۔

تربیت کے بعد یہ اہلکار دہشت گردوں کے خلاف آپریشن انسداد دہشت گردی اور دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان تھانوں کے دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ میں مربوط روابط ہوں گے۔