واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں جمع کرائی گئی مجوزہ فلسطین امن معاہدے کی قرارداد کی حمایت نہیں کریں گے۔
واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جین ساکی نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ فلسطین کے مجوزہ امن معاہدے کا مسودہ دیکھا ہے۔ امریکا سمجھتا ہے کہ مسودے پر مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی مختلف رہنماوٴں سے ملاقاتوں میں امن معاہدے پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ مذاکرات کے نتائج سے قبل کسی دوسرے معاہدے کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔ فلسطین نے امن معاہدےکی قرارداد کا مسودہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں جمع کرایا تھا۔ مجوزہ مسودے میں فلسطینی علاقے سے دو ہزار سترہ کے آخر تک اسرائیلی فوج کے انخلا اور فلسطین کی آزاد ریاست کے طور پر منظوری جیسے اہم نکات شامل ہیں۔