آپریشن والے علاقوں میں فوج عدالتوں کے قیام کا فیصلہ

Hanging

Hanging

اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشت گردوں کے خلاف آپریشن والے علاقوں میں فوجی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، عدالتیں صدارتی حکم نامے کے ذریعے قائم کی جائیں گی۔

فوجی عدالتیں قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے، صدارتی حکم نامے کا مسودہ تیار ہو گیا، ملکی اور غیر ملکی دہشتگردوں کیخلاف مقدمات کی فوری سماعت کی جائے گی۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکومت نے ضرب عضب اور خیبر ون آپریشن والے علاقوں میں فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے صدارتی حکم نامے کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔

قانونی ماہرین کی رائے میں ان عدالتوں کے قیام کیلئے قانون سازی کی ضرورت نہیں۔ عدالتیں آپریشنل علاقے سے پکڑے گئے ملکی اور غیر ملکی ملزموں کیخلاف مقدمات کی فوری سماعت کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے عدالتیں فوجی آپریشن کی مدت تک قائم رہیں گی۔ ان پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

امکان ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکشن پلان کمیٹی کے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں شرکاء کو حکومت کے اس اصولی فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔