وفاق المدارس کا سانحہ پشاور پر یوم احتجاج و دعا

Mufti Mohammad Rafi

Mufti Mohammad Rafi

کراچی (جیوڈیسک) وفاق المدارس العربیہ نے سانحہ پشاور کے حوالے سے جمعے کو یوم احتجاج و دعا کے طور پر منایا، مساجد میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

ایک بیان کے مطابق سانحہ پشاور پر یوم مذمت و دعا کے موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا سلیم اللہ خان، مفتی محمد رفیع عثمانی اور دیگر علمائے کرام نے کہا ہے کہ پشاور میں بچوں پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے اور حملہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

علمائے کرام کا کہنا ہے کہ سانحہ میں ملوث افراد کااسلام سے کوئی تعلق نہیں، سانحہ پشاور کی آڑ میں مذہبی طبقات اور مدارس کے خلاف کسی پراپیگنڈے کی اجازت نہیں دی جائے گی، دہشت گردی کو اسلام اور مذہب سے نہ جوڑا جائے بلکہ اس کے حقیقی اسباب کا تدارک کیا جانا چاہیے، اس حوالے سے حکمران سنجیدہ کوششیں کریں۔