کراچی (جیو ڈسک) وزیراعظم میاں نوازشریف نے وفاقی وزیرٹیکسٹائل کی مشاورت سے کراچی ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین تبدیل کردیاہے اور وفاقی وزیرٹیکسٹائل کے کوآرڈینیٹر، ممتاز ٹیکسٹائل ایکسپورٹرآصف مقصود (ٹیپو) کو رکن بورڈ کے ساتھ مرزا اختیار بیگ کی جگہ چیئرمین بورڈ بھی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ مرزااختیار بیگ کی جگہ مختار احمد کوبورڈ آف ڈائریکٹر میں بطور رکن شامل کرلیاگیا ہے۔
اس سلسلے میں وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی جانب سے جمعہ کوباضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نئے چیئرمین آصف مقصود ٹیپو نے ہفتے کواپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیرٹیکسٹائل عباس خان آفریدی نے کراچی ٹیکسٹائل سٹی کے جاری منصوبے کو مختصرمدت میں پایہ تکمیل تک پہچانے کے لیے خصوصی ٹاسک دیے ہیں جن پر فی الفور عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
کراچی ٹیکسٹائل سٹی میں صنعتکاروں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کی غرض سے پہلے دن ہی مختلف نوعیت کی ترجیحات کا تعین کردیا گیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر ٹیکسٹائل سٹی میں 1 میگاواٹ بجلی کا کنکشن کے الیکٹرک سے حاصل کیا جارہا ہے تاکہ جاری منصوبے کی سرگرمیوں کو تیز رفتار کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سٹی میں 200 ایکڑ رقبے پر کول فائرانرجی پلانٹ کے قیام کے لیے کے الیکٹرک کے ساتھ جلد ہی مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط کیے جائیں گے اور اس حوالے سے ابتدائی کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ سٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیزتر کرنے کی غرض سے پانی کے حصول میں خودکفالت کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت فوری طور پرواٹربورنگ کا منصوبہ شروع کردیا جائے گا۔
آصف مقصود ٹیپو نے بتایا کہ ان کی تقرری مقررہ اہداف کے حصول کے لیے کی گئی ہے لہٰذا ان کی کوشش ہے کہ کراچی ٹیکسٹائل سٹی کے منصوبے کو ملک کا ایک مثالی صنعتی زون بنایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں آصف ٹیپو نے بتایا کہ وہ وزیرٹیکسٹائل کی جانب سے منصوبے کے لیے دیے جانے والے ابتدائی ٹاسک مکمل ہونے کی رپورٹ دیں گے جس کے بعد وزیراعظم نوازشریف کے ہاتھوں کراچی ٹیکسٹائل سٹی کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔