جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے انتظامات شاہ فیصل زون میں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

کراچی(خصوصی رپورٹ)جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی میں میونسپل ایمرجنسی نافذ کرکے عاشقان رسول ۖ کو بروقت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ،ماہ ربیع النور میں اتحاد و یکجہتی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم ،ان خیالات کا اظہار حق پرست اراکین اسمبلی ،ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی کی صدارت میں عید میلاد النبی ۖصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام نے کیا۔

حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر حفاظتی انتظامات کے ساتھ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنا ئیں انہوں نے کے الیکٹرک سے کہاکہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احترام میں یکم تا 12 ربیع الاول تک لوڈ شیڈنگ ختم سے اجتناب کیا جائے تاکہ ماہ ربیع النور پر محافل میلاد و ریلی کا پر امن طور پر انعقاد کیا جاسکے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام اور لوگوں سے اپیل کی وہ ماہ مبارک میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور متحد ہوکر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی عفریت کا خاتمہ کردیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے تحت عید میلاد النبی ۖ کے سیکورٹی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل حسن رضا ،رینجرز ،پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان ،کے الیکٹرک ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،محکمہ ہیلتھ سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام علاقہ معززین و عمائدین ،عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں اور محافل کے منتظمین بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد علی خان نے مزید کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر حق پرست اراکین اسمبلی قیام امن اور اتحاد و بھائی چارگی کے فروغ کے ساتھ علاقائی سطح پر عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کی جدو جہد میں مصروف ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ماہ محرم الحرام کی طرح ماہ ربیع النور میں بھی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا اتحاد جاری رہیگا ۔اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہاکہ وہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مساجد اور محافل میلاد کی اجتماع گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی و ستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی درستگی کو یقینی بنا نے کے ساتھ جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے

اس موقع پر نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر علاقائی سطح پر عوام کو درپیش فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے مسائل کا خاتمہ کیا جائے خصوصاً جلوسوں کے روٹس پر سیوریج سسٹم کو درست کیا جائے۔اجلاس میں علماء اکرام اور منتظمین کے مسائل سننے کے بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے بلدیہ کورنگی نے انتظامات کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کردیا گیا اور انشا اللہ منتظمین کی باہمی مشاورت اور اراکین اسمبلی کی معائونت کے ذریعے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائیگا ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مساجد و محافل میلاد کی اجتماع گاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتر کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر وسائل اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں اس موقع پر انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے مساجد و محافل اور جلوسوں کے روٹ سے تجاوزات کو فوری خاتمہ کیا جائے ۔

Karachi News

Karachi News