پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس کل طلب، قوم یقین رکھے کوئی دہشتگرد نہیں بچے گا: نواز شریف

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل طلب کر لیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مزید تیزی آئے گی اور قوم یقین رکھے کوئی دہشتگرد اب بچ نہیں پائے گا۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف جامع اصلاحات کے حوالے سے پالیسی پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی ۔ پشاور میں بربریت کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔

کوئٹہ اور واہگہ کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو بھی سزا ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری شہریوں کے جان مال کی حفاظت ہے۔ دہشتگردی کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

اس سے پہلے وزیر اعظم نے قومی سلامتی سے متعلق امور کے سوا اپنی تمام مصروفیات منسوخ کر دیں، وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا۔

اجلاس کل دن گیارہ بجے وزیر اعظم ہاوٴس میں ہو گا، اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف پلان آف ایکشن کی منظوری دی جائے گی۔