مدرسہ حفصہ کی بچیوں کو والدین کے حوالے کیا جائے: الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مدرسہ حفصہ کی مظلوم بچیوں کو بازیاب کر کے ان کے والدین کے حوالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب والدین نے مدرسہ حفصہ میں اپنی بچیوں سے ملنے کی درخواست کی تو مدرسہ کی پرنسپل ام حسان اور مُلا عبدالعزیز نے والدین کو ان کی بچیوں سے ملاقات کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا۔

مظلوم بچیوں نے متعدد بار اپنے والدین کو فون کرکے بتایا کہ وہ اپنے ماں باپ سے ملاقات کیلئے جب بھی مدرسے کے ذمہ دار لوگوں یا ذمہ دار خواتین سے بات کرتی ہیں تو انہیں اجازت نہیں دی جاتی بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔

الطاف حسین نے مزید کہا کہ مظلوم بچیوں کے والدین اپنی بچیوں سے ملنے کیلئے تڑپ رہے ہیں اور رو رو کر اپنی بچیوں سے ملاقات کروانے کی دہائیاں دے رہے ہیں۔

الطاف حسین نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا، انسانی حقوق کی انجمنوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے بھی درخواست کی کہ وہ بھی مدرسہ حفصہ کی بچیوں کی بازیابی کیلئے آواز احتجاج بلند کریں اور اس سلسلے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔