لاہور (جیوڈیسک) سرد موسم میں گیس کی قلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔ فیصل آباد میں گیس نہ ملنے پر سیکڑوں شہری شیخوپورہ روڈ پر جمع ہوگئے اور شدید نعرہ بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس دستیاب نہیں جبکہ ایل پی جی اور لکڑیوں کی قیمتوں پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ گیس انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرے۔ دو گھنٹے احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔
رحیم یار خان میں بھی گیس لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا۔ ظفر آباد کی خواتین برتن اور ڈنڈے اٹھا کر سڑکوں پر آگئیں اور بائی پاس روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ ایم ڈی سوئی ناردرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں مکمل بحالی کے بعد گھریلو صارفین کی مشکلات کم ہو جائیں گی۔