اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت دائر مقدمات پر غور کے لیے چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں آج اہم اجلاس منعقد ہو گا۔
اجلاس میں لاہور، سندھ، پشاور، بلوچستان اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان، انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی نگرانی کرنے والے پانچوں ہائیکورٹس کے انچارج جج صاحبان شرکت کریں گے۔
اجلاس میں دہشت گردی کے مقدمات جلد نمٹانے کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا اوراس ضمن میں اہم فیصلے کیے جائینگے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں دہشتگردی کے مقدمات کی سماعت کرنے والے ججوں کی سیکیورٹی اور ٹرائل کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کو مزید فعال کرنے اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اعلیٰ عدلیہ میں زیرالتوا اپیلوں کو جلد نمٹانے کے بارے میں اہم فیصلے کیے جائینگے۔
اجلاس میں استغاثہ کو موثر بنانے کے لیے پالیسی بھی وضع کیے جانے کا امکان ہے۔ ملک کی پانچوں ہائیکورٹس کے رجسٹرارز نے دہشت گردی کے مقدمات کی تفصیلات رجسٹرار سپریم کورٹ کو فراہم کر دی ہیں۔ آج ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں ان تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا۔