اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورت حال پر رپورٹ جاری کر دی ، حکومت نے بجلی پر سبسڈی میں مزید کمی کی یقین دہانی کرا دی، گیس کا نیا ٹیرف جنوری سے نافذ کر دیا جائے گا۔
عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی جانب سے چوتھے اور پانچویں اقتصادی جائزے میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ کر کے نیٹ کو بڑھایا جائے گا ۔ کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے اب تک دس ارب روپے مالیت کے جعلی سیلز ٹیکس ری فنڈ کیسز پکڑے گئے ہیں۔
ٹیکس چوری کی روک تھام کے لئے اینٹی منی لانڈرنگ قوانین میں ترمیم کا مسودہ رواں ماہ اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا ۔ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ ایس آر اوز کے اجراء پر پابندی کے لئے مارچ میں قانون سازی کا امکان ہے۔
بجلی پر سبسڈی کم کر کے نیا ٹیرف فروری میں جاری کیا جائے گا ۔ گیس کا نیا ٹیرف جنوری دو ہزار پندرہ سے لاگو کر دیا جائے گا۔ پاکستان کی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے کو پی آئی اے کی نجکاری دسمبر 2015 تک کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔