کراچی (جیوڈیسک) کراچی آرٹس کونسل کے شہر قائد اتحاد پینل نے آرٹس کونسل کے انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کامطالبہ کر دیا ہے۔
کراچی پریس کلب میں آرٹس کونسل شہر قائد اتحاد پینل کے خلیل نینی تال والا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل کے الیکشن میں ان کے گروپ کو تاریخی دھاندلی کے ذریعے شکست دی گئی ۔ خلیل نینی تال والا کا کہنا تھا کہ جیتنے والے احمد شاہ گروپ کی جانب سے نا اہل افراد کو آرٹس کونسل کی رکنیت دی گئی۔
سینکڑوں نا اہل افراد کو ممبران بنا کر جعلی ووٹ ڈلوائے گئے ۔ جبکہ ایوب کھوسو اور فرید خان جیسے سینئر آرٹسٹس کو معمولی اعتراضات لگا کر ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دھاندلی پرکمشنر کراچی نے بھی آنکھیں بند کر لیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان انتخابات کو کالعدم قرار دیکر سکروٹنی کروائی جائے جس کے بعد دوبارہ شفاف انتخابات کرائے جائیں ۔ شہر قائد اتحاد پینل کے اراکین نے پریس کلب کے باہر انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے احمد شاہ گروپ کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔