لاہور (جیوڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت دہشتگردی اور پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ دہشت گردی کے خلاف حکومت، فوج، سیاستدان اور عوام متحد ہو چکے اب پولیو کے خاتمے کے لئے بھی والدین اپنے ہر بچے کو ہر بار پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔
اسپیکر رانا محمد اقبال نے پنجاب اسمبلی کے کانفرنس ہال میں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ علماء کرام پولیو ویکسین سے متعلق عوامی خدشات کو دور کریں۔
وزیر اعظم کی انسداد پولیو مہم کی فوکل پرسن عائشہ رضا کا کہنا تھا کہ لیبارٹری ٹیسٹ سے ثابت ہوا ہے کہ پولیو ویکسین میں آبادی کنٹرول کے اجزا شامل نہیں۔ڈائریکٹر انسداد مہم پنجاب ڈاکٹر منیر احمد کا کہنا تھا کہ دنیا میں پولیو کے 344 کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے 291 کیسز پاکستان میں سامنے آئے۔