کراچی (جیوڈیسک) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج منایا جائے گا، اس موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے اور اقبال کے خوابوں کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کرنے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔ 25 دسمبر 1876 کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ عظیم انسان آگے چل کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار کرانے کیلئے نا خدا کا کردار ادا کرے گا۔
1896 میں قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔ چنانچہ 1913 میں انہوں نے مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور یہاں سے علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کردیا۔
بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14 اگست 1947 کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔ آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11 ستمبر 1948 کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی کوچ کرگیا لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔